تیسویں سینئر مینجمنٹ کورس پشاور کے شرکاء نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ

ریلوے کے حالیہ احیاء تنظیم نو اور مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں کورس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی

منگل 24 اپریل 2018 20:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) تیسویں سینئر مینجمنٹ کورس پشاور کے شرکاء نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی کی سربراہی میں چیف ٹریفک منیجر ڈرائی پورٹس ڈاکٹر حسن طاہر بخاری نے ریلوے افسران ٹیم کے ہمراہ ریلوے کے حالیہ احیاء تنظیم نو اور مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں کورس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1181کلومیٹر ٹریک اور اسی ہزار کے لگ بھگ ملازمین رکھنے والا قومی ادارہ پانچ سال قبل اس قابل بھی نہیں تھا کہ ملازمین کی تنخواہیں دے سکتا۔ 2012-13میں ادارے نے صرف 18ارب روپے کمائے۔ اس سال پاکستان ریلوے 455انجنوں ،1466پسنجر کوچز ،16085فریٹ ویگنوں اور تقریبا تہتر ہزار ملازمین کے ساتھ 50ارب روپے کمائے گا۔

(جاری ہے)

ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کروایا گیا۔

18ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا گیا۔مسافروں کو سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ٹرین کے اوقات کار میں پینتالیس فیصد بہتری لائی گئی۔ریلوے کی زمینیں قبضہ گروپوں سے واگزار کرائیں گئیں۔ ٹرینیں اپ گریڈ کی گئیں۔ یہ سب مستحکم اور مضبوط سیاسی قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ شرکاء نے پاکستان ریلویز کے مختلف شعبوں فریٹ اور پسنجر سمیت انفراسٹرکچر اور لینڈ ریفارم کے حوالے سے مختلف سوال کئے جس کے جوابات متعلقہ افسران نے دیئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید راز ی نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے پچھلے چار پانچ سال میں وفاقی حکومت کے دیئے گئے ٹارگٹس سے زیادہ کمایا ہے۔ جو وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی قیادت اورریلوے ملازمین کی محنت و کاوش کا نتیجہ ہے۔آخر میں سینئر مینجمنٹ کورس کے ڈائریکٹنگ سٹاف عبدالستار اور اکبر علی خان نے ریلوے کی سینئر مینجمنٹ کو سراہتے ہوے شکریہ ادا کیا۔

اٴْنہوں نے کہا یہ تاریخی احیاء یقینابہترین فیصلوں اور مینجمنٹ سٹائل کے باعث ممکن ہوا۔ اٴْنہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد سے لاہور بذ ریعہ ٹرین پر آئے ہیں اور ہمیں خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔ ڈائریکٹنگ سٹاف اور ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی کے درمیان شیلڈاور سونیرز کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر ریلوے کی جانب سے سی سی ایم راؤ وقار احمد شاہد،سی ایم ای سلمان صادق اور چیف مارکیٹنگ مینجر شیعب عادل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔