سندھ میں ہائیر سکینڈری جماعتوں کے امتحانات شروع ہو گئے

منگل 24 اپریل 2018 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ میں ہائیر سکینڈری جماعتوں کے امتحانات شروع ، نقل کلچر پر قابو نہیں پایا جاسکا ، واٹس ایپ گروپ متحرک رہا ، حیدرآباد بورڈ نے جیمرز نہیں لگائے ، طلبہ نے لوڈ شیڈنگ میں امتحان دیا،سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات شروع ہو چکے ہیں تاہم نقل کلچر پر تعلیمی بورڈ قابو پانے میں ناکام دکھائی دیئے ہیں تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت گیارہویں جماعت کا اردو کا پرچہ تھا جس میں 56554امیدواروں نے حصہ لیا تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت دس اضلاع میں 142امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں51مراکز کو حساس قرار دیا گیاجہاں بورڈ نے موبائل فونز کے استعمال کو روکنے کے لیے جیمرز لگانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا اکثر امتحانی مراکز میں پرچے دیر سے پہنچائے گئے اور نقل بھی عروج پر رہی جبکہ بورڈ کی21ویجیلنس کمیٹیوں سمیت بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر محمد میمن اور ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور زئی نے امتحانی مراکز کے دورے بھی کئے کئی طلبہ وطالبات پر کاپی کیس بھی بنائے دوسری جانب امتحان میں شریک امیدواروں نے موبائل فونز کا استعمال کیا واٹس ایپ گروپ پوری طرح کھلے عام سرگرم رہا دفعہ144کے باوجود امتحانی مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشین شاپس کھلی رہیں جہاں نقل مافیا کا رش دیکھنے میں آیا دوسری جانب طلبہ وطالبات نے امتحانی ایڈمٹ کارڈ یا سلپس کے تاخیر سے ملنے ، پرچہ لیٹ ہو نے کی شکایت کی اور انہوں نے بتایا کہ صبح سے بجلی غائب رہی اکثر سینٹر میں روشنی کا درست انتظام نہیں تھا اور نہ پنکھے چل رہے تھے شدید گرمی میں پینے کا پانی بھی نہیں مل رہا تھا امتحان گاہوں میں انتظامیہ نے میڈیا کی ٹیموں سے کوریج بھی نہیں کرنے دی۔