چیف الیکشن کمیشن انتخابی پابندیوں کیخلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں ،پیر محمد افضل قادری

ْحکومت سندھ الیکشن کمیشن کے احکامات کی کھلم کھلا دہجیاں اڑا رہی ہے ،مفتی غلا م غوث بغدادی

منگل 24 اپریل 2018 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) تحریک لبیک یارسول اللہ اپاکستان کے صدر پیرمحمد افضل قادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان وفاق سمیت صوبوں میں انتخابی پابندیوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں،جب وفاق اور صوبوں کی حکومتوں نے اپنے بلند بانگ دعووں کے مطابق پانچ سال تک ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے لئے بے مثال خدمات سر انجام دیں ہیں،تو یکم اپریل سے الیکشن کمیشن کی پابندیوں کا انہیں خوف کیوں ہے،وہ منگل کے روز سندھ سمیت ملک بھر کے تحریک کے مجلس شوری کے ارکان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے، پیر محمد افضل قادری نے شوری کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں حکومتوں کیجانب سے انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات ثبوت کے ہمراہ جمع کرکے الیکشن کمیشن کو روانہ کریں،اس موقع پر مفتی غلام غوث بغدادی نے پیر محمد افضل قادری کو بتایا کہ حکومت سندھ نے انتخابی پابندیوں کی دہجیاں اڑادی ہیں گذشتہ دنوں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے پیپلز بس کے نام سے ایک ادھورے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبے کا افتتاح کیا جبکہ مختلف محکموں میں نہ صرف بھرتیوں کاعمل جاری ہے،بلکہ مختلف سرکاری محکموں میں تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات بھی دیئے جارہے ہیں جو انتخابی قوانین کے مطابق قبل از انتخاب دھاندلی کے مترادف ہے، اجلاس میں علامہ سید محمد زمان جعفری القادری ودیگر موجو د تھے۔