موٹروے ایم نائین زیر تعمیر، سروس روڈ انتہائی خستہ حال، متبادل راستے کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہوسکا

منگل 24 اپریل 2018 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) کراچی سے حیدرآباد سپر ہائی وے کو موٹر وے کی شکل دینے والا منصوبہ وفاقی وزارت مواصلات اور ایف ڈبلیو اوکے اشتراک سے کراچی سے حیدرآباد بنائی جانے والی موٹروے (9۔ M)ً کا جو حصہ سہراب گوٹھ تا بحریہ ٹاؤن تک زیر تعمیر ہے اب تکمیلی مراحل پر ہے یہاں کی سروس روڈ انتہائی خستہ حال ہے جگہ جگہ گہرے گڑھے ہیں متبادل راستے کا کوئی مناسب انتظام نہیںہے، دھول، مٹی دھویں، ناقص انتظامات اسٹریٹ لائٹس کی کمی اور متبادل راستہ کی عدم دستیابی اور سروس روڈ کی خستہ حالی کے باعث اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں اور ٹریفک جام بھی رہتا ہے اس صورتحال کے باعث عوام سخت اذیت سے دو چار ہیں، اس روڈ سے متصل معمار موڑ کی حالت انتہائی خستہ ہے ٹھیلے پتھارے مٹی کے ڈھیر اور ناقص سروس روڈ کی وجہ سے شہری پریشان ہیں یہ راستہ لاکھوں افراد کی آبادی پر مشتمل نیو سبزی منڈی، گلشن معمار ،ڈریم ورلڈ اور اس سے متصل پاک فضائیہ سوسائٹی، احسن آباد و دیگر ملحقہ سوسائٹیوں کا داخلی راستہ ہی نہیں بلکہ نارتھ کراچی نیو کراچی و سرجانی کا واحد راستہ بھی ہے اس لیے یہاں سے روزانہ ہزاروں افراد کا گزر ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کو سہولت پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ہماری وفاقی وزارت مواصلات اور این ۔ایچ ۔اے سے پر زور اپیل ہے کہ اس موٹر وے سے متصل گلشن معمار کے داخلی راستے کے لیے لنک روڈ بنائی جائے اور سروس روڈ کی فوری مرمت کی جائے، سہراب گوٹھ تا سبزی منڈی سڑک کی از سر نو تعمیر کی جائے،اور اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں۔کراچی تا حیدرآباد سپر ہائی وے کو موٹر وے کی شکل دینے والے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ عوام کو اس مسئلے سے نجات حاصل ہو۔ ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی زون گجرو عبدالواجد نے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی زون گجرو کے انچارج عبدالستار برفت کے ہمراہ سپر ہائی وے کے دورے کے موقع پر عوام الناس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔