جرائم پیشہ افراد اب اپنے آپ کو قانون کی نگاہ سے نہیں بچاسکیں گے،ڈی آئی جی مردان

منگل اپریل 21:31

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) ڈی ائی جی مردان رینج محمد عالم شنواری نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کریمنل واچ ونگ قائم کر دیا گیا ہے۔جس سے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جرائم پیشہ افراد کاجدید ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل آلات اور ڈیجیٹل انوسٹی گیشن کی مدد سے مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی نقل وحرکت پرنظر رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

۔کریمنل واچ ونگ کی مدد سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ افراد کا مکمل ریکارڈ ایک ہی کمپیوٹرائزڈ کلک پر دستیاب ہوگا۔جرائم پیشہ افراد اب اپنے آپ کوکسی بھی صورت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگاہ سے روپوش نہیں ہوسکیں گے ان خیالات کااظہار ڈی ائی جی مردان رینج محمد عالم شنواری نے تھانہ نوشہرہ کلاں میں کریمنل واچ ونگ کے افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی ائی جی نے فیتہ کاٹ کر کریمنل واچ ونگ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اورجدید ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل پروفیشنل آلات کی مدد سے ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے اور اُن پر کڑی نظر رکھنے کے لیے کریمنل واچ ونگ نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ۔ اس موقع پر ڈی پی او نوشہرہ سید شہزاد ندیم بخاری نے کریمنل واچ ونگ کے قیام کے اعراض و مقاصد اور اس میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ائی جی مردان رینج محمد عالم شنواری نے کہا کہ کریمنل واچ ونگ کے آغاز سے جرائم پیشہ افراد کا مکمل ریکارڈ جدید ٹیکنالوجی اور ڈی جیٹل انوسٹی گیشن کی مدد سے مرتب ہو گا اورسیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ معلومات فوری اور جلد ایک ہی کلک پر دستیاب ہو گی ۔ انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اب اپنے آپ کو قانون کی نگاہ سے نہیں بچاسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کریمنل واچ ونگ کی مدد سے کسی بھی جرم کے واقع ہونے کی صورت میں تفتیش کے عمل کو بہترین بنیادوں پر فوری اور مکمل معاونت فراہم کرکے جرائم کے انسداد میں ایک نمایاں سنگ میل کی حیثیت سے اُبھرے گا۔ انھوں نے کہا کہ کریمنل واچ ونگ کی بدولت پولیس فورس کے آپریشن اور انوسٹی گیشن شعبے کو جرائم کی روک تھام میں سہولت میسر ہوگی۔ پروفیشنلز آپریشنز میں مزید بہتری اور کارکردگی میں تیزی آئے گی اور جرائم پیشہ افراد آپنے منطقی انجام کو بروقت پہنچ جائے گے۔