ترکی کے استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے 8رکنی وفد کی خواجہ احمد حسان سے ملاقات

منگل 24 اپریل 2018 21:46

لاہور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ترکی کے استنبول واٹر اینڈ سیوریج ایڈمنسٹریشن کے 8رکنی وفد نے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان سے ملاقات کی۔ وفد کے اعزاز میں 90شاہراہ قائد اعظم پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں واسا لاہور ، فیصل آباد اورگوجرانوالہ کے منیجنگ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

خواجہ احمد حسان نے وفد کے شرکاء کی لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ، اربن یونٹ اور واسا کے 35افراد کو ترکی میں جو ٹریننگ دی ہے وہ اُس کیلئے بے حد مشکور ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے مزید کہا کہ ترک حکومت اور اس کے اداروں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جو ہماری مدد کی ہے ہم اس کے بھی بہت شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر واسا لاہور کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے ترک ماہرین سے واٹر میٹرز کی سپیسی فکیشن ، پروکیورمنٹ اور سیوریج لائنوں کی کھدائی کے بارے میں بھی مدد طلب کی ۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ہمیں سیوریج لائنوں کی روایتی کھدائی کی بجائے ٹنلنگ بورنگ کے شعبہ میں تکنیکی معاونت فراہم کرے تاکہ آبادی میں اضافہ اور دوسرے مسائل کے پیش نظر ایسے ترقیاتی کام بغیر کھدائی کے کم وقت اور مزید خوش اسلوبی سے سر انجام دئیے جا سکیں ۔ان معاملات پر سید زاہد عزیز نے واسا ہیڈ آفس میں بھیہ ترک وفد سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مختلف منصوبوں کے علاوہ لاہور کی ثقافتی ڈاکومنٹری دکھائی ۔ترک وفد نے ڈاکومنٹری کی تعریف کرتے ہوئے سید زاہد عزیزکوہر قسم کی تکنیکی اور مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔اس موقعہ پر ایم ڈی واسا لاہور سید زاہد عزیز نے کہا کہ ترکش وفد کو انکے 4روزہ دورے کے دوران لاہور کے تفریحی اور تاریخی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔