موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میںملوث گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

منگل اپریل 21:54

قصور۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے موٹرسائیکل چوری کی درجن سے زائد وارداتوں میںملوث سجاد عرف سجادو گینگ کے دو ارکان سرغنہ سجاد عرف سجادو اور ساتھی ارشد سلطان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی9عدد موٹرسائیکل برآمد کرلیں ، تفصیلات کے مطابق ملزم سجاد عرف سجادو نے اپنے دیگرسات ساتھیوں پر مشتمل ایک موٹرسائیکل چور گینگ تشکیل دے رکھا تھا جوکوٹ رادھاکشن اور اس کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں کرتے تھے ،ملزمان پبلک مقامات ،بازاروں، گھروں اور شادی ہالوں کے باہر کھڑی ہوئی موٹرسائیکل کے لاک توڑ کر چوری کرتے تھے، تھانہ کوٹرادھاکشن پولیس نے ڈی پی اوقصورزاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پرڈی ایس پی صدر محمد ناصر باجوہ کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے سجاد عرف سجادو موٹرسائیکل چورگینگ کو ٹریس کر کے دو ملزمان کو گرفتارکیا اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی موٹرسائیکلیں برآمدکیں ، ملزمان نے موٹرسائیکل چوری کی ایک درجن سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے،ایس ایچ او کوٹرادھاکشن نے برآمد ہونیوالی موٹرسائیکل مالکان میں تقسیم کیں جس پر اہل علاقہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا ،ڈی پی اوقصور نے اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او کوٹرادھاکشن اور ان کی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :