آرمی چیف کی روس کی بری فوج کے سربراہ سے ملاقات ،ْ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

روسی بری فوج کا دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن و استحکام میں پاک فوج کے کردار کی کامیابیوں کا اعتراف پاکستان بھی روس کے ساتھ دوطرفہ عسکری تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے ،ْآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 22:38

آرمی چیف کی روس کی بری فوج کے سربراہ سے ملاقات ،ْ دوطرفہ تعلقات پر ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کریملن پیلس میں روس کی بری فوج کے کمانڈر جنرل اولیگ سالیوکوف سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کریملن پیلس آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اس موقع پر روسی بری فوج کے کمانڈر جنرل اولیگ سالیوکوف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن و استحکام میں پاک فوج کے کردار کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔کمانڈر اولیگ نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی و تذویراتی اعتبار سے ایک اہم ملک ہے اور روس پاکستان کے ساتھ موجودہ باہمی عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی بری فوج کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی روس کے ساتھ دوطرفہ عسکری تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے۔

جنرل باجوہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خطے میں پیچیدہ صورتحال کے حل میں روس نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان خطے سے تنازعات کو دور رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ پاکستان ایسی حکمت عملیوں پر عمل پیرا رہنے کا خواہاں ہے جن سے خطے میں انتشار نہیں بلکہ اتحاد کا ماحول پیدا ہو۔