اے این پی کی میاں غنڈی اور ایئر پورٹ روڈ پر ہونیوالے بم دھماکوں کی شدید مذمت

ملک سے انتہا ء پسندی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، بیان

منگل اپریل 22:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی نے میاں غنڈی اور ایئر پورٹ روڈ پر ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ملک سے انتہا ء پسندی اور دہشت گردی کاخاتمہ یقینی بناتے ہوئے عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں میاں غنڈی اور ایئر پورٹ روڈ پر پیش آنے والے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی ان واقعات میں شہید و زخمی ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کااظہار کرتی ہے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک بہت بڑا لمحہ فکریہ ہے جو ہمارے حکمرانوں کی توجہ چاہتا ہے اگر سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے متفقہ طور پر تشکیل دیئے گئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جاتا توشاید آج ا س طرح کے حالات پیش نہ آتے اب بھی وقت ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی تفریق نہ کرتے ہوئے دہشت گردی و انتہا پسندی میں ملوث تمام عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

بیان میں کوئٹہ بم دھماکوں میں جاں بحق و زخمی ہونے والے تمام افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہدائ کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ہے۔