سپریم کورٹ نے کیپٹن (ر)صفدر کی ضمانت کی منسوخی کیلئے نیب کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی

منگل 24 اپریل 2018 22:52

سپریم کورٹ نے کیپٹن (ر)صفدر کی ضمانت کی منسوخی کیلئے نیب کی جانب سے دائر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر)صفدر کی ضمانت کی منسوخی کیلئے نیب کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی ہے۔ منگل کوچیف جسٹس میا ں ثا قب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نیب نے کون سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کی ہے ، جس پر نیب کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ کیپٹن صفدر وہی ہیں جن کے خلاف احتساب عدالت میں کیس چل رہا ہے، کیپٹن صفدر احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں ملزم ہے، احتساب عدالت نے ان کو طلب کیا تھا ، لیکن وہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

نیب کے وکیل نے مزید بتایا کہ نوازشریف احتساب عدالت میں 2 اکتوبر2017 ء کو پیش ہوئے تھے جبکہ حسن نواز، حسین نواز، کیپٹن صفدر اور مریم نواز 2 اکتوبر کو پیش نہیں ہوئے تھے ۔ جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ اس حوالے سے جب ہائی کورٹ فیصلہ دے چکی ہے، تو سپریم کورٹ کیوں مداخلت کرے گی۔ کیپٹن صفدر عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، کہیں بھاگ تو نہیں رہے ہیں ،بعد ازاں عدالت نے کیپٹن صفدر کی ضمانت کی منسوخی کیلئے نیب کی درخواست خارج کر دی۔