پاکستان خطے کو تنازعات سے نکالنے،علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور خطے میں مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا،پاکستان روس کیساتھ باہمی عسکری تعاون بڑھانا چاہتا ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی رشین فیڈریش کے زمینی فورسز کے کمانڈر کرنل جنرل علیگ سلیکوف سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 24 اپریل 2018 22:55

پاکستان خطے کو تنازعات سے نکالنے،علاقائی روابط کو مضبوط بنانے اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کو تنازعات سے نکالنے،علاقائی روابط کو مظبوط بنانے اور خطے میں مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔پاکستان روس کیساتھ باہمی عسکری تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔یہ باتیں انہوں نے منگل کو ماسکو میںکریملن پیلس میں رشین فیڈریش کے زمینی فورسز کے کمانڈر کرنل جنرل علیگ سلیکوف سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو روس کے سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تو روسی فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔آرمی چیف نے گمنام سپاہیوں کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں آرمی چیف نے رشین زمینی فورسز کے کمانڈر کرنل جنرل سلیکوف سے ملاقات کی۔

روسی فوج کے کمانڈر نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں محل و وقوع کے لحاظ سے اہم ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کیساتھ موجودہ دو طرفہ عسکری تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی زمینی فورسز کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی روس کیساتھ باہمی عسکری تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس نے خطے میں حالیہ پیچیدہ صورتحال کے حل میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے کو تنازعات سے نکالنے اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے بھی کردار ادا کرتا رہے گا۔