تمام متعلقہ محکمے فلڈ کے حوالہ سے انتظامات کی رپورٹ 26اپریل تک ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائیں، مدثر ریاض ملک

منگل 24 اپریل 2018 23:00

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں تاہم محکمہ آبپاشی ودیگر متعلقہ محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔تمام متعلقہ محکمے فلڈ کے حوالہ سے انتظامات کی رپورٹ 26اپریل تک ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائیں۔متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائے چناب اور جہلم کے حفاظتی بندوں کی دیکھ بھال اور مانیٹرنگ کے کام کوہر قیمت پر یقینی بنائیں جبکہ تمام متعلقہ محکمے مربوط رابطے کے تحت موقع پر موجود رہ کر کمی و خامیوں کو فی الفوردور کریں۔

اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ یہ بات انہوںنے فلڈ سیزن 2018ء کے انتظامات کے حوالہ سے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد آصف اقبال ، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ،سی ای او ہیلتھ ،چیف افسران، ڈی ڈی ایم اے اور محکمہ انہار کے افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران دریائے چناب اور جہلم کے ضلع جھنگ میں واقع حفاظتی بندوں کی پختگی اور معمول کی سالانہ مرمت کے حوالہ سے مکمل کئے گئے اقدامات بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ انہار کے افسران سے حفاظتی بندوں کی صورتحال کے جائزہ کے لئے باہمی رابطہ کو مزید موثر بنائیں اور اس ضمن میں انہیں بروقت آگاہی فراہم کی جاتی رہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آئندہ ماہ فلڈ انتظامات کے حوالہ سے موک ایکسر سائز کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سے قبل تمام انتظامات مکمل ہوں۔ قبل ازیں دریائے چناب اور دریائے جہلم میں پانی کے اتار چڑھائو اور ہیڈ تریموں پر پانی کے اخراج کی سطح کے بارے مکمل بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :