ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی ہدایت پر سرحد کے قریب آتشزدگی کے متاثرین میں ٹینٹ ، چادریں و کمبل کی تقسیم

منگل 24 اپریل 2018 23:17

سکھر۔24اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ کی ہدایت پر اے ڈی سی ون سلیم اللہ اوڈو سرحد کے قریب آتشزدگی سے متاثرہ علاقوں میں پہنچتے، متاثرین میں ٹینٹ ، چادریں و کمبل تقسیم کیے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گذشتہ ہفتے سرحد کے قریب گائوں محبت فقیر لکھن اور محمد علی مہر میں آگ سے کم وبیش 20 جھگیاں و گھر جل گئے تھے ایسے واقعات کا ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے اے ڈی سی ون سلیم اللہ اوڈو کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر متاثرین میں ٹینٹ کا سامان فراہم کریں جس کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلیم اللہ اوڈو مختیارکار گھوٹکی لالہ انصاف پٹھان کو ساتھ لیکر متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر متاثرین میں ٹینٹ کاسامان فراہم کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اتفاقی ہوتی ہیں ان کا کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ انہیں وقت سے پہلے روکا جاسکے جبکہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر متاثرین میں ٹینٹ کا سامان فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ مئنجر کو ہدایت کی کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے گائوں محبت فقیر لکھن کے باسی کو روزانہ کی بنیاد پر ایمبولینس فراہم کی جائے یا اس کے گائوں پر انہیں مکمل علاج فراہم کیا جائے۔

اے ڈی سی ون ابھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کر ہی رہے تھے کہ انہیں اطلاع دی گئی کہ سرحد کے قریب گائوں پاندھی فقیر میں آگ لگ گئی ہے اس موقع پر انہوں نے فوری طور پر فائربرگیڈ متاثرہ گائوں بھیجی اور خود بھی موقع پر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تینوں متاثرہ دیہات میں لوگوں کے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ سندھ کے رلیف کمشنر کو فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرین کی مالی مدد ہوسکے۔