چاہت سکائوٹس کے زیر اہتمام سکولز کے طلباء کیلئے جلیل ٹائون میں 3روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد

منگل 24 اپریل 2018 23:20

گوجرانوالہ۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) چاہت سکائوٹس کے زیر اہتمام سکولز کے طلباء کیلئے جلیل ٹائون میں 3روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد، اختتامی تقریب میں صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن طارق قریشی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی ،اِس موقع پر کیمپ کمانڈر ناصر علی چاہت نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اِس کیمپ کا مقصد نوجوان طلباء میں عملی زندگی میں پیش آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ہمت پیدا کرنا تھا تاکہ وہ آنے والے وقتوں میں وطنِ عزیز کیلئے اپنی خدمات بہتر انداز میں پیش کرسکیں۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں ،ْ جس کیلئے ضروری ہے کہ اِنکی تربیت اِس انداز میں کی جائے کہ وہ معاشرے کا ایک مفید اور کارآمد شہری بن سکیں،اُن میں جذبہ ء حبُ الوطنی پیدا کیا جائے اور انسانیت کی بھلائی کا احساس بیدار کیا جائے۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے بتایا کہ اِس تین روزہ تربیتی کیمپ میں طلباء کو سکائوٹنگ کے بنیادی اُصول ،سکائوٹنگ گرہیں،خیمے لگانا،بستر بچھانا،خود کھانا پکانا اور کچھ بھی پاس نہ ہوتے ہوئے رہنے سہنے کے اسباب پیدا کرنا سکھایا گیاجبکہ اِسکے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات سے نپٹنے ،ریسکیو وفرسٹ ایڈاور فائر فائٹنگ کی بھی تربیت فراہم کی گئی۔

کیمپ ہذا میں دیگر سکائوٹس ٹرینر ز جن میں ارشد حفیظ،مشتاق احمد ،احمد رسول ،محمد سلمان شامل تھے اور ماسٹر ٹرینر ڈسٹرکٹ سکائوٹس گوجرانوالہ احمد ڈار نے بھی اپنی خدمات پیش کیں، تقریب میںطارق قریشی صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہ آج کے حالات میںقومی سطح پرنوجوانوں کی تربیت کرنا اور اُنھیں صحیح راہنمائی فراہم کرنابہت ضروری ہے ،ْ،تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے سکائوٹس طلباء میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :