پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے، ہم دہشت اور وہشت پر مبنی ذہنیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کابم دھماکوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر اظہار افسوس ، بم دھماکو ں کی مذمت

بدھ 25 اپریل 2018 00:30

کوئٹہ۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ایئر پورٹ روڈ پر میاں غنڈی کے قریب ہونے والے بم دھماکوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پردلی رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان نے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ہم اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔ ہم دہشت اور وہشت پر مبنی ذہنیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ گورنر نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کر نے کی توفیق عطاء فرمائے۔ گورنر نے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت بھی کی۔