بھارت میں پولیس کاآپریشن ،

37 ماؤنواز باغیوں کی ہلاکت کا دعویٰ ہلاک ہونیوالوں میں 19خواتین بھی شامل،16کی شناخت کر لی گئی ،بھارتی پولیس کا بیان

بدھ 25 اپریل 2018 11:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں ہلاک مبینہ ماؤ نواز باغیوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پولیس نے دریائے اندراوتی سے مزید 15 لاشیں برآمد کی ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ مخصوص اطلاعات پر ریاستی پولیس اور سپیشل فورس کوبرا بٹالیئنز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بہت سے ماؤنواز باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس بیان میں کہا گیا کہ 72 گھنٹے کے دوران گڑھ چرولی کے علاقے سے 37 ماؤ نواز باغی مارے گئے ہیں جن میں 19 خواتین شامل ہیں۔ 16 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے جن پر ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ کا انعام تھا۔ 21 لاشوں کی شناخت کی جانی ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

علاقے میں خراب موسم اور بارش کے سبب تمام لاشیں برآمد نہیں کی جا سکی ہیں۔ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ سپیشل فورس کوبرا بٹالیئنز سی-60 نے کاسناسور کے جنگلوں میں آپریشن کے دوران 16 لاشیں برآمد کی۔

ان میں نو مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ نفری کی کمی اور شدید بارش کے سبب تلاش کا کام روک دیا گیا تھا۔اور گذشتہ روز جب پھر سے تلاش شروع کی گئی تو اندراوتی دریا سے مزید 15 لاشیں برآمد ہوئیں۔انھوں نے بتایا کہ مزید لاشوں اور ہتھیاروں کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب گڑھ چرولی کے ہی راجارام کھانڈلا کے علاقے کاپیوانچا میں کیے جانے والے آپریشن میں چھ ماؤنواز باغی مارے گئے جن میں دو مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔

مہاراشٹر میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ستیش ماتھر نے بتایا کہ ماؤنواز کے خلاف یہ بڑا آپریشن درست اور مخصوص انٹیلیجنس رپورٹ کا نتیجہ تھا۔ان کا کہنا تھا نکسل یا ماؤ نواز باغیوں میں اختلافات اور ان کے حوصلے کی پستی کے سبب انھیں یہ کامیابی ملی ہے۔

متعلقہ عنوان :