اسامہ بن لادن کا سابق محافظ سمیع اے سرکاری فنڈ پر جرمنی میں مقیم

1997ء سے جرمنی میں مقیم ، سوشل ویلفیئر کی مد میں ماہانہ 1168 یورو دیے جاتے ہیں،رپورٹ

بدھ 25 اپریل 2018 11:56

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) جرمن میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ تیونس سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جو کہ مبینہ طور پر القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا محافظ تھا، 1997ء سے جرمنی میں مقیم ہے اور اسے سوشل ویلفیئر کی مد میں ماہانہ 1168 یورو دیے جاتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کو سمیع اے کے نام سے شناخت کیا گیا ہے تاہم جرمن میڈیا نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر اس شخص کا مکمل نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سمیع اے نے 2000 ء میںکئی ماہ تک اسامہ بن لادن کے محافظ کے طور پر افغانستان میں کام کیا۔2006 ء میں سمیع اے کے القاعدہ کے ساتھ روابط کی تفتیش کی تاہم ان پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔سمیع اے اپنی جرمن اہلیہ اور چار بچوں کے ساتھ مغربی جرمنی کے شہر بوچم میں رہتا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس نے جہادیوں سے کسی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔

اور فوری طور پراسے ملک بدر کر کے تیونس بھیجنے کے امکانات کو رد کر دیا گیا ہے کیونکہ وہاں اس پر تشدد کیے جانے کے خدشات موجود ہیں۔سمیع اے نے 1999 ء میں جرمنی میں رہائش کا عبوری اجازت نامہ حاصل کیا اور اس نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے متعدد کورسز کیے ۔ 2007ء میں اس کی پناہ کی درخواست اس لیے مسترد کر دی گئی کیونکہ حکام نے اسے سکیورٹی کے حوالے سے خطرہ قرار دیا تھا۔ پناہ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اب اسے ہر روز مقامی تھانے میں حاضری لگانی پڑتی ہے۔