یورپی ممالک جوہری معاہدہ بچانے کے لیے تاوان ادا نہ کریں ، ایران

ایران کسی بھی ملک کو کسی صورت میں سرخ لکیر پار کرنے کی اجازت نہیں دے گا،جنرل علی شمخانی کی گفتگو

بدھ 25 اپریل 2018 12:37

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ایران کے ایک سینئر عہدے دار نے تاریخی جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے یورپی طاقتوں کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قومی سلامتی کی سپریم کونسل کے سکریٹری جنرل علی شمخانی نے کہا کہ امریکا کے جوہری معاہدے میں رہنے کے حوالے سے یورپی یونین کے اصرار کو بھرپور انداز سے سراہتے ہیں۔

شمخانی کا مزید کہنا تھا کہ تاہم اگر اس کا مطلب ایران کی اہانت یا ٹرمپ کو تاوان کی ادائیگی ہے تو پھر یورپ ایک تزویراتی غلطی کا ارتکاب کر رہا ہے۔معاہدے میں شامل یورپی ممالک اس وقت ٹرمپ کو معاہدے کی پاسداری جاری رکھنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔شمخانی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی ملک کو کسی صورت میں سٴْرخ لکیر پار کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔