بھارت نہتے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے، مسلم دینی محاذ

بدھ اپریل 13:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں موجود اپنی کٹھ پتلیوں کے ذریعے نہتے کشمیریوں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کے حمایت یافتہ اخوانیوں نے برسوں پہلے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کا جوبازار گرم کر رکھا تھا ، علاقے میں اسوقت اس سے بھی زیادہ خوف و دہشت کا ماحول پایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ممتاز آزادی پسند رہنمائوں ڈاکٹر محمد قاسم فکتواور انکی اہلیہ آسیہ اندرابی کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر محمد قاسم گزشتہ پچیس برس سے نظر بندہیں جبکہ سیہ اندرابی کو بار بار گرفتار کر کے ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاتا ہے۔دریں اثنا دختران ملت نے ایک بیان میں پارٹی سربراہ آسیہ اندرابی اور دیگر پارٹی رہنمائوںکے ساتھ سینٹرل جیل سرینگر میں روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آسیہ اندابی اور دیگر کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جد وجہد سے ہرگز روکا نہیں جاسکتا۔