مقبوضہ کشمیر :نوجوانوں کی شہادت پر ترال میں ہڑتال، شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت

بدھ 25 اپریل 2018 13:57

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں چار نوجوانوں کی شہادت پر بدھ کے روز ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فورسزنے ان نوجوانوںکو منگل کے روز ضلع میں ترال کے علاقے گٹینگو لام میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشددکارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پلوامہ میں دکانیں اورکاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے ترال قصبے اور دیگر علاقوںمیں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس ہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔ترال اور اونتی پورہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا دو شہید نوجوانوںعابدا حمد اور اشفاق احمد کو ان کے آبائی علاقوں میں ہنڈورہ اور کھرگھنڈ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ان کی نماز جنازہ میںہزاروں لوگ شریک تھے جنہوںنے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔