بھارت ،پانچ روپیہ ڈاکٹر کے نام سے مشہور شنکرگوڑاکا ریاستی الیکشن لڑنے کا اعلان

شنکر روزانہ 500مریضوں کا پانچ روپے میں علاج کرتے ہیں،مسائل کے حل کے لیے لڑ رہا ہوں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 اپریل 2018 15:04

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) بھارتی ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے لیے ضلع مانڈیا کے مشہور پانچ روپیہ ڈاکٹر شنکرگوڑا بھی آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں آگئے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر شنکرگوڑا ضلع میں گزشتہ 35برس سے پانچ روپے فیس وصول کرنے کے باعث 5روپیہ ڈاکٹر کے نام سے جانے جاتے ہیں، وہ روزانہ تقریباً 500 مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر گوڑا کی مکمل پیکیج کے ساتھ فیس 5 روپے فی مریض ہے جس میں بیماری کی تشخیص، مشاورت، نسخہ، دوائیں اور انجکشن کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ضلع مانڈیا کے ہر دل عزیز 5 روپیہ ڈاکٹر گوڑا کے علاقے میں کافی مداح ہیں، منی پال کے کستوربا میڈیکل کالج سے میڈیکل گریجویٹ ڈاکٹر گوڑانے ڈرماٹولوجی میں پی جی ڈپلومہ بھی کیا ہوا ہے۔ڈاکٹر گوڑا نے 35 سال سے نہ ہی اپنی فیس میں اضافہ کیا اور نہ ہی بہتر نوکری کی خاطر پرائیویٹ اسپتال میں ملازمت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پانچ روپیہ ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کے اس حلقے میں کئی مسائل موجود ہیں، جس کی وجہ سے وہ یہاں سے الیکشن لڑنا اور جیتنا چاہتے ہیں۔