لذیذہ قلفی ہائوس غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سر بمہر

بدھ 25 اپریل 2018 15:24

فیصل آباد۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے فیصل آباد اور گردونواح میں کاروائیاں کرتے ہوئے چنیوٹ میں لذیذہ قلفی ہائوس کو غیر معیاری اجزاء استعمال کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سر بمہر کر دیاجبکہ زائدالمیعادد اشیاء فروخت کرنے اور ناقص انتظامات پر 6مختلف فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 28,500روپے کے جرمانے عائد نیزز ائدالمیعاد اور مضر صحت خوراک تلف کرتے ہوئے متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈاتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیصل آباد اور گردونواح میں کاروائیاں کرتے ہوئے جھمرہ روڈ چنیوٹ میں واقع لذیذہ قلفی ہائوس کو ورکرز کے میڈیکل نہ ہونے، زنگ آلودہ ، گندے فریزر میں قلفیاں سٹور کرنے،مضر صحت کاسمیٹکس رنگوں کے استعمال پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار اورصفائی کے ناقص انتظامات پر پروڈکشن یونٹ سربمہر کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کاروائی کے دوران مکوآنہ جڑانو الہ روڈ پر واقع بسم الله پان شاپ، ہیون سویٹس اینڈ بیکرز ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موسٰی ٹی سٹال ، المدینہ ہوٹل، سلمان چکن شاپ اورجھنگ میں واقع ظفر اقبال سویٹس کو ناقص صفائی، غیر معیاری رنگوں کے استعمال ، زائدالمیعادد اشیا کی فروخت ،حشرات کی موجودگی ،سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ریکارڈ کی عدم موجودگی ، میڈیکلز کی عدم دستیابی اورنیلے کیمیکل ڈرم میں آلودہ پینے کا پانی رکھنے پر 28,500کا جرمانہ عائد کیا ۔

مزید برآں ڈویژن بھر میں کاروائیاں کرتے ہوئے متعددفوڈ پوائنٹس اور جنرل سٹور سے 20کلوگرام کلر سلانٹی ، زائدالمیعاد کاربونیٹڈ ڈرنکس اینڈ مشروبات اور مضر صحت دودھ،کیچپ،بھاری مقدار میں گلے سڑے پھل اور سبزیاں اور باسی خوراک کو تلف کر دیا گیا ۔علاوہ ازیںپنجاب فو ڈاتھارٹی کی سیفٹی ٹیمز نے متعدد فوڈ پوائنٹس کو ناقص غذا کی فراہمی اور عائد کردہ اصولوں کی خلاف ورزی پر وارننگ نوٹسز جاری کیے۔