مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قتل عام عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے‘چوہدری محمد یاسین

دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ بڑامسئلہ ہے جس نے پورے جنوبی ایشیا کا امن داؤپر لگا دیا ہے

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قتل عام عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ بڑامسئلہ ہے جس نے پورے جنوبی ایشیا کا امن داؤپر لگا دیا ہے ۔عالمی اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کروائے۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام استصواب رائے کے لئے جہدوجہد کر رہے ہیں ،ان ستر سالوں میں دنیا کے کئی ممالک نے آزادی حاصل کر لی ،لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی راہ دیکھ رہے ہیں ان ستر سالوں میں کشمیریوں کی سات نسلیں قربان ہو چکی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ آج بھی اپنی آزادی اور الحاق پاکستان کے نام پر اپنا خون دے رہے ہیں۔

برہان وانی شہید کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بربریت میں اضافہ ہو چکا ہے، قابض بھارتی افواج نے ظلم و ستم اور بربریت کا کوئی حربہ نہیں چھوڑا جو کشمیری عوام پر نہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام کے پایہ استقامت میں کوئی لرزش نہیں آئی اور تمام تر مظالم کے باوجود آپنی آزادی کی جدوجہد استقامت کے ساتھ لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں سمیت دیگر اقلیتوں پر بھی اندوہناک مظالم ڈھا رہا ہے ۔

بھارت میں مودی سرکار مسلمان ، سکھ ، عیسائی ، دلت ، اچھوت اسامی اور گورکھوں سمیت جملہ اقلیتوں پر ظلم کی انتہا کیے ہوئے ہے ۔ اسی لیے لندن میں مودی کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں کشمیریوں کے ساتھ بھارت کی جملہ اقلیتوں کے افراد اور سکھ برادری نے بھی ساتھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سرحدی دیہات میں بسنے والے ہماری قومی ہیروز ہیں جو ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اپنی جانون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں قابض بھارتی افواج آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو شہید اور زخمی کر رہا ہے۔