اجتماعی لائبریریوں کیلئے جوبلی لائف کا ایک بار پھر چارٹر فار کمپیشن کے ساتھ اشتراک

بدھ اپریل 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان کے صف اول کے لائف انشورنس فراہم کرنے والے ادارے جوبلی لائف نے تعلیمی سال مئی 2018 سے مئی 2019 میں اجتماعی لائبریریوں کے پروجیکٹ کے لئے چارٹر فار کمپیشن (سی ایف سی)) ادارے کے ساتھ ایک بار پھر شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ جوبلی لائف کی سی ایف سی کے ساتھ شراکت داری 2016 میں شروع ہوئی جس میں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اسکول لائبریریاں قائم کرنے میں سہولت فراہم کی گئی۔

اجتماعی لائبریریوں کے پروجیکٹ کا مقصد یہ ہے کہ کراچی کے پسماندہ اور سہولیات سے آراستہ اسکولوں کے درمیان موجود خلا کو بھرا جائے۔ اس منصوبے میں 400 اسکول کی شرکت کے ساتھ 50 ہزار سے زائد نوجوان اور بڑی عمر کے افراد شامل ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے بچوں میں امن اور نرم دلی کو پروان چڑھانے کے لئے آگہی پیغامات اور سرگرمیوں پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ اقدام بیک وقت روایتی قارئین کے تصور کی بحالی کے لئے کام کرے گا۔ اس طرح شہر کے علاقوں میں تعلیمی سطح پر پھیلتی زوالی سے نمٹا جائے گا۔ اس سلسلے میں جوبلی لائف سی ایف سی کی کتابیں جمع کرنے کی سالانہ مہم، لائبریریوں کے دورے کے انتظامات، ڈرامائی انداز سے مطالعہ کے پروگرامات میں شرکت اور تعلیمی مواد جمع کرنے اور آگے پھیلانے میں تعاون فراہم کرے گا۔

پسماندہ علاقوں کے اسکولوں میں کتابوں کی فراہمی کے ساتھ سی ایف سی کی جانب سے فرنیچر کی فراہمی، تعلیمی ویڈیوز ملاحظہ کرنے کے مقصد سے طالب علموں کے لئے کمپیوٹر سسٹمز، شمسی توانائی سے چلنے والی لائٹیں اور بجلی کے دیگر کام اور فرش بنوانے سے لیکر اسکول گود لینے کی تک ذمہ داری لیتا ہے۔ اس شراکت داری کو کامیاب بنانے کے لئے جوبلی لائف کے ملازمین ذاتی طور پر طالب علموں سے ملاقات کریں گے اور ان متعلقہ اسکولوں میں سی ایف سی کے مختلف اقدامات جیسے نرم انداز سے گفتگو اور بڑی بہن اور بڑا بھائی پروگرام کے ذریعے طالب علموں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔

اس شراکت داری پر اظہار خیال کرتے ہوئے جوبلی لائف کے سی ای او اور ایم ڈی جاوید احمد نے کہا، "ہمیں سی ایف سی کے ساتھ اس بہترین اقدام میں تعاون کرنے پر خوشی ہے۔ کسی بھی معاشرے میں خاص طور پر نوجوان عدم توازن اور بڑے پیمانے پر پھیلے تعصبات کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کتابیں اور مطالعہ کھلی سوچ کی آماج گاہ بن سکتی ہے اور نوجوان بچے اپنے سوچنے کی صلاحیت میں وسعت لاسکتے ہیں۔

میں انتہائی مشکور ہوں کہ پسماندہ علاقوں کے اسکولوں کی تربیت اور رہنمائی کی ذمہ داری کے لئے ہم پر اعتماد کیا گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم ان علاقوں میں انہیں سرگرم ، ذمہ داری اور نرم دلی کے ساتھ بااختیار شہری بنائیں گے۔" چارٹر فار کمپیشن (سی ایف سی)) کے پریذیڈنٹ امین ہاشوانی نے بتایا، "ہماری اجتماعی لائبریریوں کے پروجیکٹ میں جوبلی لائف انشورنس جیسے کاروباری اداروں نے تعاون کیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ مکمل طور پر ایک الگ ماحول پیدا کیا جائے اور جہاں بچے لائبریری میں وقت گزارنے کی توقع لگائیں ۔

ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ اور تجربہ کار شہریوں کے لئے یہ ناگزیر ہے کہ وہ مثالی کردار کے لئے قدم آگے بڑھیں اور ان بچوں کی رہنمائی کریں۔ سی ایف سی پاکستان سال 2020 تک شہر کراچی کے 100 اسکولوں میں لائبریریاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔" فروری 2011 میں سی ایف سی نے چارٹر فار کمپیشن انٹرنیشنل (Charter for Compassion International)سے متاثر ہوکر مقامی سطح پر کام کا آغاز کیا۔

چارٹر فار کمپیشن انٹرنیشنل مقبول مصنف کیرن آرمسٹرانگ کی قیادت میں کثیرالعقائد، کثیرالقومی کونسل کے دانشوروں اور رہنماؤں کا عالمی پروگرام ہے۔ سی ایف سی کا مقصد یہ ہے کہ رحم پروری پر مبنی سوچ و عمل کی تربیت اور تعلیم کے جدید پروگرامز کے ذریعے صلہ رحمی، پرامن اور سرگرم معاشرہ تشکیل دیا جائے۔ جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوںمیںمختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی ، صحت اور جنرل بھی پیش کرتا ہے۔

جوبلی لائف بینکا شورنس ڈسٹری بیوشن متعارف کرانے والا ادارہ ہے اور پاکستان میں نجی شعبے کی بیمہ زندگی کمپنیوں میں سب سے آگے ہے۔ گزشتہ 5 سالوں میں 38 فیصد کی اوسط ترقی کے ساتھ جوبلی لائف انتہائی منافع بخش اور اسٹاک ایکسچینج میں قابل ذکر بیمہ زندگی کمپنی ہے۔