ضیاء الدین یونیورسٹی نہایت معتبر تعلیمی ادارہ ہے، گورنر سندھ

یونیورسٹی میں جدید ترین نصابی مواد کا استعمال اور تحقیق پر توجہ اسے دیگر اداروں سے ممتاز بناتی ہے، جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ علی گڑھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سر ضیاء الدین کے نام پر قائم کی گئی ضیاء الدین یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور اس میں مزید شعبہ جات کے اضافے سے طالب علموں کو معیاری تعلیم کے حصول کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضیاء الدین یونیورسٹی کے 15 ویں جلسہ تقسیم اسناد 2018 میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین ،وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ندا، مختلف شعبوں کے سربراہ ، اساتذہ ، والدین اور طالب علم بھی موجود تھے۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مختلف شعبوں کے طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف صنعت کار سردار یاسین ملک کو سماجی خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی عطا کی گئی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ طالب علموں کے ساتھ اساتذہ اور والدین آج کے دن خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کی مدد ، رہنمائی اور بھرپور تعاون سے طالب علم اپنی منزل حاصل کرسکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لحاظ سے ضیاء الدین یونیورسٹی نہایت معتبر ادارہ ہے کیونکہ یہاں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں جاتا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اس سے فارغ التحصیل ہونے والے ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے یونیورسٹی میں جدید تقاضوں کے مطابق نصابی مواد کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ طالب علموں کو اپنی صلاحیتوں کے بہتر اظہار کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقعوں کی فراہمی بھی ممکن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ اس کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا یہی وجہ ہے کہ اعلی تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

گورنر سندھ نے جامعات میں تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے ضیاء الدین یونیورسٹی کو ایک جدید ترین درسگاہ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کے لئے وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے ایجوکیشن سٹی ضیاء الدین یونیورسٹی کیمپس میں تدریس کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ایجوکیشن سٹی میں دیگر تعلیمی اداروں کی جلد از جلد فعالیت میں مدد ملے گی۔

یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سر ضیاء الدین کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ انہو ں نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں گورنر سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کی کارکردگی ، مزید شعبوں میں اضافے کے لئے اقدامات اور جامعہ کے وژن کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔