سندھ حکومت اور سینٹ پیٹرس برگ کے درمیان دو طرفہ تعاون و سرمایہ کاری کی یادداشت پر دستخط

صوبائی حکومت بنیادی حقوق حصول اور تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی،مراد علی شاہ کی وفد سے گفتگو

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بے شمار وسائل سے مالامال ہے،صوبے کے وسائل پر عوام کا حق ہے، صوبائی حکومت بنیادی حقوق حصول اور تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انھوں نے یہ بات بدھ کو وزیراعلی ہاس میں روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ کے گورنر مسٹر جیارجی سرگیوچ پولٹاوچینکو کی اپنے 19 رکنی وفد سے ملاقات دوران کی۔

ملاقات میں ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نثار کھڑو، وزیر منصوبابندی و ترقی سعید غنی، چیئرپرسن ایس بی او آئی ناہید میمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کا اہم مقصد سندھ اور روسی حکومت کے درمیان ایک یاداشت نامے (MoU) پر دستخط ہونا تھے جس میں توانائی، تیل اور گیس، ٹیکسٹائل، لائیٹ انڈسٹری اور دواسازی میں پارٹنرشپ قائم کرنا ہے۔

شرکا سے وزیراعلی سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کول مائننگ، پاور جنریشن اور آئی ٹی میں بھی مل کر کام کرسکتے ہیں، انھوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اگر سینٹ پیٹرس برگ سندھ میں سرمایہ کاری کرے تو مکمل سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ سینٹ پیٹرس برگ کے گورنر نے بندرگاہوں اور بحری تجارت کے شعبوں میں بھی سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے بہت جلد کراچی میں سرمایہ کاری پر مبنی ایک کانفرنس منعقد کرانے کی امید ظاہر کی۔

بعدازاں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سینٹ پیٹرس برگ کے گورنر مسٹر جیارجی سرگیوچ اور انکے وفد کے درمیان ایک اعلی سطحی و غیر رسمی اجلاس بھی وزیراعلی ہاس میں معنقد ہوا جس میں محکمہ منصوبابندی و ترقی اور روس کے سینٹ پیٹرس برگ کے درمیان میمورنڈم آف انڈر اسٹیڈنگ (MoU) پر دستخط ہوئے۔ گورنر سینٹ پیٹرس برگ کے اعلی سطحی وفد میں وائیس گورنر آف سینٹ پیٹرس برگ مسٹر موچان سرگیج، رشین فیڈریشن کے قونصل جنرل مسٹر الیگزیڈر خوزین، حکومت سینٹ پیٹرس برگ کے چیئرمین برائے کمیٹی نوجوان پالیسی اور این جی اوز کے ساتھ بات چیت مس عبدالینہ، سینٹ پیٹرس برگ کے چیئرمین کمیٹی برائے صنعتی پالیسی اور انوویشن مسٹر میسکین ماکسم، چیئرمین کمیٹی برائے اقتصادی پالیسی اور اسٹریٹجک منصوبا بندی مسٹر فلپوو آئیون، چیئرمین کمیٹی برائے لیبر اور ملازمت مسٹر چرنیکو دمتری، ڈپٹی ہیڈ برائے کمیٹی خارجی تعلقات و سربراہ بیرونی تعاون اتھارٹی مسٹر ابوبکرکوف آربی، ماہر برائے خارجہ اقتصادی تعاون اتھارٹی کمیٹی مسٹر بولشکوف گلیب، سینئر قونصل و ڈپٹی ہیڈ مشن مسٹر فیڈروف آنڈرے، روس کے ڈپٹی تجارتی نمائندہ مسٹر الیوو روسلان شامل ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ کے ہمراہ ارکان کابینہ نثار کھڑو، سید ناصر شاہ، جام خان شورو، سعید غنی و سید سردار شاہ موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ روسی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری دوستانہ ہے جس میں تعلیم، ٹیکسٹائل، آئل اور گیس سمیت دیگر شعبوں میں متوقع محفوظ سرمایہ کاری ہوگی، انھوں نے شرکا کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور سینٹ پیٹرس برگ آٹو موبائل میں بھی کام کرسکتے ہیں۔اس موقع پر وزیر بلدیات جام خان شورو نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی کو پانی مہیا کرنے کے لیے اہم منصوبوں پر کام کررہی ہے اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی لگائے جارہے ہیں۔

جس پر سینٹ پیٹرس برگ کے گورنر گندے پانی کی صفائی کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمندر کے پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلی سندھ اور سینٹ پیٹرس برگ کے گورنر کی موجودگی میں سندھ اور پیٹرس برگ کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے کے یاداشات نامے پردستخط کئے گئے۔