تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں ،برطانیہ اور یورپ میں مقیم تارکین وطن کا متحد و منظم ہوکر آگے بڑھنا مثبت پیغام ہے ،ْراجہ فاروق حیدر

مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہیں جس کا عالمی اداروں اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا ہو گا ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر موجودہ حالات میں پاکستان کے اندر قوم کو متحد اور یکجا کرنے کی ضرورت ہے، قومی قیادت خود متحد ہو کر پوری قوم کو منظم کر سکتی ہے ،ْخطاب

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی قابض افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے 8سالہ معصوم بچی آصفہ کے ریپ اور قتل کے خلاف پر امن صدائے احتجاج بلند کرنے والے نہتے عوام کو بھارتی فورسز بدترین جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں آصفہ کے ریپ اور قتل کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والے طلباء پر زہریلی گیسوں اور پیلٹ کا استعمال کھلی دہشت گردی ہے قتل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کی پاداش میں مقبوضہ کشمیر میں مہلک ہتھیاروں کے ذریعے درجنوں طلباء کو زخمی کیا گیا اور 80سے زائد طلباء گرفتار کیے گئے ہیں دنیا بھارت سے پوچھے کہ سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیز میں وزیر تعلیم طلباء کو کالے قوانین کے تحت کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے تعلیمی اداروں میں جانے والے طلباء کیا دہشت گرد ہیں کہ ان پر کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے عوام کو نشانہ بنا رہا ہے اور پاکستان کے اندر دہشت گردوں کو بھی بھارت سپورٹ کر رہا ہے کلبھوشن یادیو اس کا زندہ ثبوت ہے بھارت نے پاکستان کے خلاف کئی محاذ کھول رکھے ہیں دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہو جائے موجودہ حالات میں ملک کے اندر سیاسی قیادت کو اتحاد و یکجہتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن )برطانیہ کے جنرل سیکرٹری راجہ ادریس خان کی طرف سے دیئے گئے استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے لیگی رہنما راجہ زبیر اقبال کیانی اور راجہ ادریس نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قومی قیادت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو ں گی تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں برطانیہ اور یورپ میں مقیم تارکین وطن کا متحد و منظم ہوکر آگے بڑھنا مثبت پیغام ہے پاکستان کے اندر عام انتخابات قریب ہیں ان انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن اللہ کے فضل و مہربانی سے دوبارہ کامیابی حاصل کر ے گی اور قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے شروع کردہ تعمیر و ترقی کے سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے صحیح کام کیا اور بہترین انداز میں ملک و قوم کی خدمت کی مسلح افواج پاکستان آزادکشمیر کے عوام کی محافظ ہیں افواج پاکستان نے دفاع وطن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے پوری قوم دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت انتہا پسند ملک ہے جہاں مسلمانوں سمیت دیگر کمیونٹیز غیر محفوظ ہیں مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مرتکب ہو رہی ہیں جس کا ذمہ دار عالمی اداروں اور مہذب اقوام کو نوٹس لینا ہو گا کشمیر کے اندر بچے ،بوڑھے ،جوان ،طلباء ،خواتین سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں 8سالہ آصفہ کا ریپ کے بعد قتل بدترین سانحہ اور درندگی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے آصفہ کے سانحہ کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں پرامن احتجاج ہو رہا ہے اور بھارتی فورسز اس پرامن احتجاج کو طاقت کے زور پر دبانے میں مصروف ہے ۔

انہوںنے کہاکہ تعلیمی اداروں کے طلباء پر قابض فوج کا تشدد اور گرفتاریاں ناقابل برداشت ہیں طلباء کو دہشتگردی کے کالے قوانین کے تحت گرفتار کرنا بنیادی انسانی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے بھارت یاد رکھے وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو کبھی غلام رکھنے میں کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے اندر قوم کو متحد اور یکجا کرنے کی ضرورت ہے قومی قیادت خود متحد ہو کر پوری قوم کو منظم کر سکتی ہے پاکستان کے عوام ،حکومت اور فوج کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں پاکستان دنیا میں کشمیریوں کا واحد وکیل ہے مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کے لیے مفید ثابت ہو گا ہر کشمیری مضبوط اور مستحکم پاکستان کا متمنی ہے اس موقع پر تارکین وطن کی طرف سے متحد ہو کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آگے بڑھنے کے ویژن پر عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔

وزیراعظم نے مودی کی آمد پر اہلِ برطانیہ کی کشمیری کمیونٹی کا احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت اور تمام سیاسی جماعتوں کے لوگوں کی مثالی یک جہتی کو بھرپور انداز میں سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر یوتھ ونگ برطانیہ کے نو منتخب عہدیداران سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا -وزیر اعظم نے راجہ محمد آصف سے یوتھ ونگ کے صدر،اشتیاق حسین سے یوتھ ونگ کے سیکرٹری جنرل،راجہ توصیف چیف کوآرڈینیٹر برائے صدر،سعید صحاف کشمیری سے چیئرمین ایڈوائزری کونسل،طلعت جمیل سے چیئرمین یوتھ بورڈ،محمد معصوم سے سیکرٹری اطلاعات/مرکزی ترجمان،طارق مشتاق سے چیئرمین ڈسلپنری کمیٹی،توقیر احمد سے سینئر نائب صدر کے عہدوں کا حلف لیا۔