وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا معروف عالم دین

سیّد عطاء المومن شاہ بخاری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار سیّد عطاء المومن کا انتقال دینی و علمی حلقوں کا بڑا نقصان ہے،عرفان صدیقی

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے معروف عالم دین اور سیّد عطاء اللہ شاہ بخاری کے فرزند سیّد عطاء المومن شاہ بخاری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے دینی اور علمی حلقوں کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیّد عطاء المومن نے اپنے عظیم والد کی میراث کا تحفظ کرتے ہوئے دینی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنی زندگی امت کے اتحاد کے لیے وقف کیے رکھی۔وہ ختم نبوت کی تحریکوں میں ہمیشہ سرگرم رہے اور اسلام کے خلاف تہذیبی خلفشار کا انتہائی جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ سیّد عطاء المومن کے صاحبزادے سیّد عطاء اللہ شاہ بخاری (ثالث) اپنے والد اور دادا کے عظیم مشن کو جاری رکھیں گے۔ مشیر وزیراعظم نے مرحوم کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔