آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 1992ء میں منعقدہ ٹورنامنٹ کی طرز پر کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی، چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی ہو گا، 46 روزہ میگا ایونٹ میں 11 مختلف مقامات پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے میگا ایونٹ کا آغاز ہو گا

بدھ 25 اپریل 2018 15:40

کولکتہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو دوبارہ 1992ء طرز پر منعقد کرانے کی منظوری دے دی، میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے، 46 روزہ میگا ایونٹ میں 11 مختلف مقامات پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے میگا ایونٹ کا آغاز ہو گا جبکہ لارڈز 14 جولائی کو پانچویں مرتبہ فائنل میچ کا میزبان ہو گا، آئی سی سی بورڈ کی طرف سے اس فارمیٹ کی حتمی منظوری ہونا باقی ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کو دوبارہ 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ طرز پر کرانے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت 10 ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی جن میں سے چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنلز کھیلنے کی اہل ہوں گی، 46 روزہ ایونٹ کے 48 میچز11 مختلف مقامات لارڈز، اوول، ایجبیسٹن، ٹرینٹ برج، ہینڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ، ٹائونٹن، برسٹول، چیسٹرلی سٹریٹ، سائوتھمٹن اور کارڈف پر کھیلے جائیں گے، اوول 30 مئی کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی اور لارڈز 14 جولائی کو فائنل میچ کا میزبان ہو گا، لارڈز پانچویں مرتبہ میگا ٹورنامنٹ فائنل کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرے گا، سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے، 9 جولائی کو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر براجمان ٹیم اور چوتھے نمبر کی ٹیم کے درمیان پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ پر کھیلا جائے گا، دو روز بعد دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ایجبیسٹن پر کھیلا جائے گا، دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم 2 جون کو افغانستان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، 16 جون کو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی، یہ وہی مقام پر جس نے 1999ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر سکس مقابلے کی میزبانی کی تھی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بورڈ اجلاس آج جمعرات کو ہو گا جس میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کے فیصلوں کو منظور کرنے کا امکان ہے۔