سی ڈی اے مزدور یونین کا اجلاس، یوم مئی کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی

فائر بریگیڈ سے زیرو پوائنٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی

بدھ 25 اپریل 2018 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران کا اجلاس مرکزی یونین آفس ستارہ مارکیٹ جی سیون میں منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین سمیت مزدور یونین کے مرکزی عہدیداران اور سی ڈی اے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں یوم مئی کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے مزدور یونین یوم مئی کے موقع پر فائر بریگیڈ ہال سیکٹر جی سیون ون اسلام آباد میں یکم مئی کو صبح دس بجے ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرے گی جس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن سے ملحقہ تنظیموں کے عہدیداران، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، سول سوسائٹی راولپنڈی/اسلام آباد کی تمام مزدور تنظیموں کے نمائندے، عہدیداران اور سینکڑوں کی تعداد میں مزدور شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

جلسہ میں شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوںکو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ بعدازاں فائر بریگیڈ سے زیرو پوائنٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور مزدوروں کے مطالبات کے حل کے لیے حکومت سے اپیل کی جائے گی۔ اس موقع پر چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سی بی اے نے ریفرنڈم میں سی ڈی اے مزدوروں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے جن میں ڈبل بیسک پے، پلاٹوں کی الاٹمنٹ، ملازمین کے بچوں کی بھرتی، الائونسز میں اضافہ سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں، ان پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ اس موقع پر انھوں نے سی ڈی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سی ڈی اے ملازمین کے تمام مسائل کو حل کرے تاکہ مزدوروں کے مسائل میں کمی آ سکے۔