پشاور ہائی کورٹ نے تحقیقات کے بغیر احسان اللہ احسان کی ممکنہ رہائی روک دی

بدھ 25 اپریل 2018 16:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی متوقع رہائی انکوائری مکمل ہونے تک روک دی۔پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس قیصر رشید اور جسٹس اکرام اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی مبینہ رہائی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹی ٹی پی کے ترجمان احسان اللہ احسان نے اے پی ایس اسکول پر حملے سمیت دہشت گردی کے درجنوں کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے مگر اب اس کو رہا کیا جا رہا ہے۔جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل مسرت اللہ نے عدالت کو بتایا کہ احسان اللہ احسان کو رہا نہیں کیا جا رہا اس کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔ عدالت نے انکوائری مکمل ہونے تک احسان اللہ احسان کی متوقع رہائی روکتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔