کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملوں کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا

بدھ 25 اپریل 2018 17:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملوں کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا،کوئٹہ میں گزشتہ روز دہشت گردی کے واقعات میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے جب کہ سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ روڈ پر خودکش دھماکے میں شہید 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں آئی جی پولیس، ڈی آئی جی اور دیگر افسران شریک ہوئے، جس کے بعد شہید اہلکاروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ روڈ خودکش حملے کا مقدمہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور ایکسپلوزیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔