چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

پاکستان اور کیوبا کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے باہمی روابط کو مزید بڑھا نے کی ضرورت ہے ، محمد صادق سنجرانی

بدھ 25 اپریل 2018 17:46

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کیوبا کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ باہمی روابط کو مزید بڑھایا جائے اور بشمول پارلیمانی تعلقات، باہمی دلچسپی کے دیگر دوسرے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے یہ بات کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے کے ساتھ ملاقات میں کہی جو بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوئی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے جو کہ اس بات کی عکاس ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے تعلیم، تجارت اور دیگر دوسرے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کیوبا کی حکومت، عوام اور پارلیمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ کیوبا کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور تجارتی و اقتصادی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر زور دیا ۔