دہشت گردی کے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں،

مسلم لیگ(ن)کراچی ڈویژن وفاقی حکومت کے قیام امن کیلئے کیے اقدامات کوتقویت پہنچانے کیلئے م ادارے مزید مربوط انداز میں کام کریں،حاجی شاہجہاں،نور خان اخونزادہ کراچی سے خیبر تک عوام نے ایک طویل عرصے کے بعد سکون کا سانس لیا ہے ۔اس طرح کے واقعات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے ،عبدالرحیم اعوان،مہنازاختر

بدھ 25 اپریل 2018 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہاں ،جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخونزادہ ،لیبر ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان ،شعبہ خواتین کرچی ڈویژن کی صدر مہناز اختر نے کوئٹہ خودکش بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں ۔

پانچ سال کے دوران وفاقی حکومت نے ملک میںقیام امن کے لیے جو اقدامات کیے ہیں اس کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ادارے مزید مربوط انداز میں کام کریں ۔بدھ کو جاری بیا ن میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے سرحدپارسے ہونے والی پہلی کارروائی نہیں ہے،سیکورٹی فورسزکو مزید الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انسانی جان بہت قیمتی ہے ،خواہ وہ قانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکارہوں یا عام انسان ،سب برابر ہیں۔

کوئٹہ بم دھماکے سیکورٹی فورسزکے لئے لمحہء فکریہ ہیں، دشمن ہمارے گھروں میں گھس کر کارروائیاں کررہاہے اور ہم ابھی تک غافل ہیں، حقیقت یہ ہے کہ جان بوجھ کر دشمن کو کمزورسمجھنے والے نقصان اٹھاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت نے ملک میں قیام امن کے لیے موثر پالیسیاں مرتب کی ہیں ۔کراچی سے خیبر تک عوام نے ایک طویل عرصے کے بعد سکون کا سانس لیا ہے ۔

اس طرح کے واقعات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے ۔ملک میں مستقل امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں محسوس کرتے ہوئے اپنا حصے کا کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے سانحہ میں شہید ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک کا ایک ایک فرد آپ کے ساتھ ہے۔شہداء نے پاکستان کے لئے جان دی ہے اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں سرخروہوئے ہیں۔ہماری دعاہے اللہ تعالیٰ ان کی قربانی اور خدمات کو قبول فرمائے۔