شناختی کارڈ فیس میں 100 فیصد اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 25 اپریل 2018 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے نادرا کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کی فیس میں 100 فیصد اضافہ کی مذمت اور اسے عوام کے ساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آئندہ انتخابات تک عوام کو مفت کارڈ بنا کر دے اور حالیہ اضافہ فیس کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ عام انتخابات میں ہر شہری ووٹ ڈالنا اپنا قومی فریضہ سمجھتاہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کے کارڈ کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ٹیکسوں سمیت شناختی کارڈ فیس میں ایک سو فیصد کا ظالمانہ اضافہ کر کے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے جو کہ حکومتی دعووں اور وعدوں کے برعکس ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے نے کہا کہ عوامی اور جمہوریت کے دعویدار حکمران عوام کے مسائل حل کرنا تو اپنی جگہ مگر ان کے مسائل و مشکلات میں اضافہ اور خون چوسنے میں مصروف ہیںمسلم لیگ ن کی حکومت جاتے جاتے بھی عوام پر مہنگائی کے بم برساتی جارہی ہے ۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکومت عام انتخابات سے قبل مرد و عورت کے قومی شناختی کارڈ کو یقینی بنانے کیلئے مفت کارڈ بناکر دینے کا اعلان کرتی مگر شناختی کارڈ فیس میں 100 فیصد اضافہ کر کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا گیا ہے، صوبائی امیر نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ محض اسمبلی میں قرار داد پاس کر کے اپنے آپ کو بری الذمہ نہ سمجھے بلکہ ہر فورم پر وفاق کے سامنے اس اہم عوامی مسئلے کو رکھے اور حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔