ظاہر شاہ مرحوم کی وفات سے اے این پی ایک منجھے ہوئے اور مدبرسیاستدان سے محروم ہو گئی، میاں افتخار

بدھ 25 اپریل 2018 18:17

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور خدائی خدمتگار ظاہر شاہ اوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کی ہے ، اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم باچا خان اور خان عبدالولی خان کے دور سے پارٹی اور خدائی خدمت گار تحریک کے سچے پیروکار تھے اور اپنی خوش گفتاری اور خوش اخلاقی کی وجہ سے ہر دلعزیز شخصیت کے طور پر جانے مانے جاتے تھے، انہوں نے کہا کہ ظاہر شاہ مرحوم کی وفات سے اے این پی ایک منجھے ہوئے اور مدبرسیاستدان سے محروم ہو گئی ہے جو ناقابل تلافی نقصان ہے ، میاں افتخار حسین نے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موت برحق ہے اوراس سے چھٹکارا ممکن نہیں،انہوں نے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ ظاہر شاہ مرحوم کی تاریخی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور انہیں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کیلئے بھی دعا کی۔