ڈیرہ، ہینڈگرنیڈ حملہ کا مقدمہ تین دہشت گردوں کے خلاف درج

بدھ 25 اپریل 2018 18:17

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) لیاقت پارک کی گلی میں ناکہ بندی پر ہینڈگرنیڈ حملہ کا مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت تین دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیاگیا ،ایک زخمی ایف سی اہلکار کو پشاور ریفر ،شہر بھر کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ تھانہ سٹی کی حدود لیاقت پارک کے قریب گلی رمضان پیڑول پمپ میں ناکہ بندی پر دہشت گرد ہینڈ گرینڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔

ہینڈ گرنیڈ کے حملے میں دو اہلکار ایف آر پی نعمت اللہ ولد سیف اللہ سکنہ لکی مروت اور ایف سی اہلکار کامران ولد گل مست سکنہ پشاور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ۔ تاہم ایک زخمی ایف سی اہلکار کامران کو پشاور ریفر کردیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تین دہشت گردوں یاسر الیاس ولد محمد الیاس ،عدنان ولد جمال الدین قوم راجپوت سکنہ محلہ مجاہدنگر اور عامر عرف گرنیڈی عرف ابوبکر ولد زبیر سکنہ بلوچ نگر مریالی کے خلاف اقدام قتل ،پولیس پر حملہ اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ۔

واقعہ کے بعد پولیس نے شہر بھر کی سیکورٹی ہائی الرٹ کرکے ناکہ بندیوں پر اضافی نفری کے علاوہ پاک فوج کے جوان بھی تعینات کردیئے ہیں ۔