کلاچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے تحصیل ممبر محمد ابراہیم جاں بحق

بدھ اپریل 18:17

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں قتل کے انتہائی افسوسناک واقعہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے تحصیل ممبر محمد ابراہیم جاں بحق ہوگئے ،ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ، بیٹے کی رپورٹ پردونامعلوم ملزمان کے خلاف قتل مقدمہ درج کرلیاگیا۔ تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے تحصیل ممبر مڈی محمد ابراہیم قوم عین زئی سکنہ مڈی کو شدید زخمی کردیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔

مقتول کے بیٹے حارث نے پولیس کو بتایا کہ بدھ کی صبح میرے والد کار پر سوار ہوکر اپنی اراضی واقع اناڑہ جارہے تھے کہ صبح آٹھ بج کر سات منٹ پر مڈی شہر کے قریب ہی اراضیات میں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے کار کو کراس کرکے ان کی گاڑی کو روکا اورا نہیں کار سے نیچے اتار کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ملزمان موٹرسائیکل پر مغرب کی سمت فرارہوگئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی ۔۔پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ کے معائنہ کے دوران پولیس کو نائن ایم ایم پسٹل کے دو خالی خول ملے جو کہ تحویل میں لے لئے گئے ہیں ۔مقتول کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والد تحصیل ممبر تھے اور ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی وغیرہ نہیں ہے ۔۔پولیس نے مقتول کے بیٹے کی رپورٹ پر دو نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔