کنگ عبداللہ یونیورسٹی آزادکشمیرکے طلباء کو جدید تعلیمی ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگی ‘تعمیر نوپروگرام کے تحت کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کیمپس کی تعمیر انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ‘اس منصوبے کی تکمیل سے آزادکشمیر کے طلباء کو اُن کے گھروں کی دہلیز پر عالمی معیار کا تعلیمی ماحول میسر آئے گا

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف انجینئر الشیخ عبداللہ الشعیبی کی بات چیت

بدھ 25 اپریل 2018 18:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف انجینئر الشیخ عبداللہ الشعیبی نے کہا ہے کہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی آزادکشمیرکے طلباء کو جدید تعلیمی ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگی ۔تعمیر نوپروگرام کے تحت کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھتر کلاس کیمپس کی تعمیر انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ،اس منصوبے کی تکمیل سے آزادکشمیر کے طلباء کو اُن کے گھروں کی دہلیز پر عالمی معیار کا تعلیمی ماحول میسر آئے گا ،ترک تعمیراتی کمپنی ’’سیاہ قلم ‘‘قومی نوعیت کے منصوبے کی تکمیل کے لئے مزیداقدامات کرے ، اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس ایرا بریگیڈئر آفتاب قریشی ،قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیوم خان ،رجسٹرار جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ،کوآرڈینیٹر سعودی فنڈ پراجیکٹس کرنل شہریا ر، چیف انجینئر ایس ایف ڈی سید یاسرگیلانی ،ڈائریکٹر ورکس حافظ روشن دین ، کوآرڈینیٹر کنگ عبداللہ یونیورسٹی کیمپس سید زوار نقوی ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن سیرا اکرام الحق سمیت دیگر افسران موجود تھے ،اس موقع پر بریگیڈئر آفتاب قریشی نے ترک تعمیراتی کمپنی ’’سیاہ قلم ‘‘ کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ خشک موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید مشینری اورفنی ماہرین کی تعداد میں اضافہ کریں ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایرا بریگیڈئر آفتاب قریشی نے یونیورسٹی کیمپس میں رنگ روڈ اور واٹر سپلائی ،سورس اینڈڈسٹری بیوشن کو مستقبل کی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے بہتر سے بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پانی کی قلت کا سامنا نہ کرناپڑے ،جبکہ رنگ روڈ منصوبہ بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے اس لیے اگرماضی میں منصوبے کے اندر کسی قسم کا خلا ء رہ گیا ہے تو اُسے پورا کرنے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ قومی نوعیت کایہ منصوبہ بہترانداز میں مکمل ہو،ترک تعمیراتی کمپنی کی جانب سے سعودی وفد کو بتایا گیا کہ تعمیراتی کام کو مختلف پیکجز میں تقسیم کرتے ہوئے پیکج وائز پراگرس مانیٹر کی جارہی ہے اس وقت ایڈمنسٹریشن ، اکنامکس ، زوالوجی ، آرٹ اینڈ ڈیزائن ، اسلامک سٹیڈیز ، آئی ٹی ، شعبہ انگریزی ،کشمیر سٹیڈیز ،مسجد اور کیفے ٹیریا کا کام تیزی سے جاری ہے جس پر آئندہ دو ماہ میں تعمیراتی کام تکمیل کے قریب پہنچ جائے گا۔

اس موقع پر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیوم نے سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ کے چیف انجینئر عبداللہ الشعیبی اوراُن کی ٹیم ، ایرا کے حکام اور ترک تعمیراتی کمپنی کے نمائندگان کا شکریہ کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح اُن کی ٹیم منصوبے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے اُس سے یہ توقع ہے کہ جلد ہی کنگ عبداللہ یونیورسٹی چھترکلاس کا یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا جس سے جامعہ کشمیر کا طلباء کے لئے مکانیت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔