پیمرا کی جانب سے ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون کو تنبیہ اور اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری

بدھ 25 اپریل 2018 19:27

پیمرا کی جانب سے ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون کو تنبیہ اور اظہار وجوہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ڈان نیوز، چینل 24 اور نیوز ون کو تنبیہ اور اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے ہیں۔ ڈان نیوز کو حالات حاضرہ کے پروگرام ’’دو رائے‘‘ میں میزبان اسد رحیم خان کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تجزیہ کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا اور چینل کو 2 مئی 2018ء تک جوابدہی کا حکم دیا ہے۔

پیمرا نے ’’چینل 24‘‘ کے پروگرام ’’پوائنٹ آف دی ویو ود ڈاکٹر دانش‘‘ کے دوران فیصل واڈا کی جانب سے اخلاق باختہ اور تضحیک آمیز گفتگو کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا اور چینل انتظامیہ کو 2 مئی 2018ء کو تحریری جوابدہی کے ساتھ ذاتی شنوائی کیلئے بھی حاضر ہونے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

مقررہ وقت میں جواب موصول نہ ہونے اور ذاتی شنوائی کیلئے پیش نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی دونوں چینلز کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرنے کی مجاز ہو گی۔

پیمرا نے ’’چینل 24‘‘ کے پروگرام ’’ڈی این اے‘‘ اور ’’نیوز ون‘‘ کے پروگرام ’’نیوز بلیٹن‘‘ میں نشر کئے گئے مواد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ آئندہ کسی بھی پروگرام میں اعلیٰ عدلیہ کے خلاف کوئی بھی مواد نشر کرنے سے گریز کیا جائے اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں ان چینلز کو اپنے نشریاتی نظام کو مؤثر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی طرح کا نازیبا مواد نشر نہ ہو۔ چینلز کو مزید واضح کیا گیا کہ کسی بھی خلاف وزری کی صوت میں پیمرا قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔