بلدیہ شرقی کی کونسل کا ساتواں اجلاس

اجلاس میں شب برات اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے انتظامات کی قرار دادوں سمیت دیگر قرار دادیں منظور کر لی گئیں

بدھ 25 اپریل 2018 19:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر صدارت کونسل کے ساتویں اجلاس کا تیسر ااور آخری سیشن جمشید زون کے کونسل ہال میں منعقد ہوا جس میں آٹھ قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجلاس میں شب برات کے سلسلے میں خصوصی انتظامات کی قرار داد ، ضلع بلدیہ عالیہ شرقی 2018-19 کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز کی قرار داد، بلدیہ شرقی میں محکمہ اشتہارات برائے سال 2018-19 شاپ بورڈ / سن شیڈ، کمپینر شاپ بورڈ اور موونگ پبلسٹی ٹیکس کی منظوری کی قرار داد، ضلع شرقی میں موجود تمام تکونوں اور چوراہوں کو خوبصورت بنانے کیلئے گود دینے کی منظوری کی قرار داد، انتظامی شیڈول کا قیام برائے شانتی نگر ڈسپینسری نمبر 2، ڈسٹرکٹ کونسل سے منتقل ہونے والی ڈسپینسری نمبر 1 شانتی نگر کیلئے انتظامی شیڈول کی قرار داد، ہومیو پیتھک ڈسپنسری و میڈیکل ڈیپارٹمنٹ بلدیہ شرقی میں متعلقہ ڈاکٹر و اسٹاف کے کیلئے نئی مختص نشستوں کی منظوری کی قرار داد اور چیئرمین اور وائس چیئرمین ہفتے میں تین دن جمشید زون کے دفتر میں وقت دیں گے کی قرار دادیں منظور کی گئیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر اجلاس میں اپوزیشن لیڈر بلدیہ شرقی کونسل ذوالفقار قائم خانی، اورنگرزیب تاج، ڈاکٹر ندیم، رانا تنزیل، عائشہ کامران، ارم بٹ ، یوسف انصاری، تنزیل بن رؤف ، جاوید احمد، مولا بخش چنڈ، اشفاق احمد و دیگر نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے شب برات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تین قبرستان سوسائٹی، عیسیٰ نگری اور محمودآباد KMC کو دے دیئے گئے ہیں ، جس میں صفائی و ستھرائی، روشنی کا انتظام اور کیمپس کے قیام کیلئے بلدیہ شرقی کا عملہ کام کرے گا جبکہ شب برات کے موقع پر بہترین بلدیاتی انتظامات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے مزید کہا کہ بجٹ اجلاس میں بجٹ بک فراہم کی جائیں گی اور بجٹ بناتے وقت اراکین کی رائے کا احترام کیا جائے گا، کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو بجٹ کے حوالے سے مشاورت سے فیصلے کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ایسا بجٹ پیش کیا جائے جو ہر ایک کو قابل قبول ہو اس سلسلے میں یکم مئی سے تیاریاں شروع کردی جائیں، جبکہ سابقہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ بجٹ کی تیاریاں کی جائیں تاکہ غلطیوں کی گنجائش کم سے کم ہو جبکہ اس موقع پر مولا بخش چنڈ نے کونسل میں ایک نوٹیفکیشن پیش کیا اور ااس کو جواز بناتے ہوئے کہا کہ TADA اس نوٹیفکیشن کے تحت دیا جا سکتا ہے سندھ حکومت کے محکمہ آڈٹ کی جانب سے اس سلسلے میں اعتراضات درست نہیں جس پر وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان نے کہا کہ کونسل ممبر تربیتی لحاظ سیجہاں بھی جائے TADA اسے ملنا چاہیئے اور اسی نوٹیفکیشن کے تحت اعزاز یہ بھی ملنا چاہیئے ہمیں بھی اسی نوٹیفیکیشن کے تحت اعزازیہ مل رہا ہے، وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمارا بجٹ زیادہ تر واٹر اینڈ سیوریج کے لیئے استعمال ہورہا ہے اگر یہ کام ہمیں نہ کرنا پڑتا تو دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے بڑی رقم دستیاب ہوتی۔

میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر علی شیخ نے بھی اس موقع پر بجٹ بکوں کے حوالے سے کہا ک بجٹ کی دستاویزات بجٹ اجلاس میں فراہم کردی جائیں گی۔ اپوزیشن لیڈر ذوالفقار قائم خانی نے اس موقع پر کہا کہ کونسل کے اراکین کی مراعات انہیں ملنی چاہئیں۔ آڈٹ آفسر کا تبادلہ کیا جائے ،سابقہ بجٹ کے بجائے آگے کی جانب دیکھنا ہے آئندہ بجٹ میں اراکین کونسل کی رائے کو اہمیت دی جائے اور ایسا بجٹ تیار کیا جائے جو ہر لحاظ سے بہترین ہو جبکہ بجٹ بکوں کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں میونسپل کمشنر اختر علی شیخ، ایس ای ایسٹ طارق مغل ، سمیت تمام محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی کارواء ڈائریکٹر کونسل ڈاکٹر آصف رضوی و چئیرمین کونسل کمیٹی نے کی بعد ازاں اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا گیا.