ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں انٹر یونیورسٹی اردو انگریزی مباحثے

بدھ 25 اپریل 2018 19:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہونے والے اردو مباحثے کے شرکاء نے قرارداد "افرادکے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر"کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ڈائو یونیورسٹی کے آراگ آڈیٹوریم میں ہونے والے مباحثے میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد مسرور نے کہا کہ مباحثوں اور تقریری مقابلوں کی روایت گذشتہ دو عشروں کے دوران کمزور ہونے کے باوجود ڈائو یونیورسٹی میں شاندار مباحثے کے انعقاد نے ثابت کردیاہے کہ ہمارے طلباء باصلاحیت ہیں۔

. اس موقع پر مباحثے کے منصفین ڈاکٹر اقبال پیرزادہ، پروفیسر فوزیہ امتیاز، ریاض احمد، محمد حنیف، عدنان اختر ، پروگرام آرگنائزر پروفیسر مکرم علی اور ڈاکٹر لبنٰی ریاض نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

. پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور نے کہا کہ ہمارا قومی المیہ یہ رہا ہے کہ مباحثوں اور مقابلوں میں آنے والے فراد محض سامعین تصور کرکے آتے ہیں ، اگر سامعین سیکھنے کے جذبے کے تحت مباحثوں میں شریک ہونگے تو کل پاکستان کو بڑے مقرر ایسے ہی مباحثوں سے ملیں گے۔

. انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کی ترقی کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خصوصی دلچسپی سے طلباء میں تعلیم اور ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا جذبہ بڑھ رہا ہے، مباحثے کے آخر میں مہمانِ خصوصی پروفیسر محمد مسرور نے بالترتیب اول ،دوم اور سوم آنے والے انشاء جاوید، انوشہ ندیم اور شہیرا اقبال کو انعامات دئیے، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے ڈائو یونیورسٹی میں ( آج) جمعرات کو انگریزی مباحثہ "Rise Above Sectional Interest and Private Ambitions"کے عنوان سے ہوگا۔