پاکستان میں موجود اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،محمد طارق

بدھ اپریل 19:29

لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2018ء) مترو کہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری بورڈ محمد طارق نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، ہندئوں عبادت گاہوں، مندروں اور گوردواروں کی حفاظت اور تنزئین وآرائش کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں بسنے والے ہندو اور سکھ حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کے اقدامات پر نہ صرف خوش ہیں بلکہ شکر گزار ہیں ، یہ باتیں انہو ں نے پشاور میں واقع ہند و مذہب کے قدیمی استھان کالی باڑی مندر کی 40سال بعد تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ بحالی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ، سیکرٹری بورڈ محمد طارق نے مقامی ہندو رہنمائوں کے ہمراہ افتتاح کیا، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری شرائنز سید فراز عباس ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پشاور محمد آصف خان، ہمایوں خان ،کیئرٹیکر مندر و دیگر موجود تھے ، انکا مزید کہنا تھا کہ 40سال سے کالی باڑی مندر خستہ حالی کا شکار تھا جبکہ اسکی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام کیا جا رہا تھا، متروکہ و قف املاک ٹیکنکل افسران و سٹاف کے ہمراہ مندر کی سابقہ شکل میں بحالی کیلئے کام کیا ، انہوں نے بتایا کہ مندر کی چھت و دیگر حصے مرمت کئے گئے ہیں اور نئے پنکھے نصب کئے گئے ہیں جبکہ رنگ و رغن و دیگر تزئین و آرائش کے کام مکمل کروائے گئے ہیں ، مقامی اقلیتی رہنمائوں سمیت ہندو برادری کی بڑی تعدا د نے تقریب میں شرکت کی ، ہندو رہنماء رام لال نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں ہمارے مندروں اور عبادت گاہوں کی خصوصی دیکھ بھال کر رہا ہے جس پر ہم بے حد شکر گزار ہیں ، خصوصی طور پر وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ، اس موقع پر موجود ہندوئوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ،جبکہ مندر میں خصوصی پوجا پاٹ کی گئی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔