پنجاب یونیورسٹی میں جاری ہم نصابی سرگرمیوں کا تیسرا روز

بدھ 25 اپریل 2018 19:29

لاہور۔25 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ، نیب اور دی ایجوکیشنسٹ کے اشتراک سے جاری پانچ روزہ کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے تیسرے روز چار مقابلہ جات کا مختلف ہالز میں انعقاد کیا گیا، جن میں پاکستان کے مختلف سکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبائو طالبات نے حصہ لیا، تیسرے روز جاری مقابلوں میں ڈائریکٹر نیب اسسٹنٹ ساجد ، نامور کارٹونسٹ شوکت محمود ، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، فیکلٹی ممبران اورطلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ’پاکستان میں کرپشن ‘ کے موضوع پر پنجابی ، اردو اور انگریزی تقریری مقابلوں میں 200 سے زائد طلباء طالبات نے حصہ لیا اور اپنی تقاریر سے معاشرے میں پھیلی کرپشن کے ناسور کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی، ادارہ تعلیم و تحقیق کی راہداری میں منعقد ہونے والے کارٹون نگاری مقابلوںشریک 17طلبہ میں سکول کی سطح پر شاہد جباراور یونیورسٹی کی سطح پر نبیل الرحمان نے پہلی پوزیشنز حاصل کیں، اسی طرح ادارہ تعلیم و تحقیق کے وحید شہید حال میں منعقدہ ملی نغموں کے دوسرے مرحلے میں بلوچی ، سندھی ، پختون اور پنجابی طلبہ نے حصہ لیا اور اپنے گیتوں کے ذریعے پاکستان سے لازوال محبت کا اظہار کیا، ان مقابلوں میں بلوچی طلبہ محمد اظہر نے بہترین ملی نغمے پر حاضرین سے خوب داد وصول کی، ملی نغموں میں مختلف سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 31طلبائو طالبات نے شرکت کی جن میں سکول کی سطح پر فاتح شاہ اور یونیورسٹی کی سطح پر سامعیہ مزاج نے پہلی پوزیشنز اپنے نام کیں، پانچ روزہ کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے چوتھے روز (آج)طلبہ کے مابین تقریری اور شاعری کے مقابلے منعقد ہوں گے ۔