دہشتگردوں کے مکمل قلع قمع ہونے تک ملک میں امن وامان کی صورتحال بہترنہیں ہوسکتی‘میاں مقصود احمد

ہندوستان کے مخفی بھیانک عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں،عالمی برادری نوٹس لے‘صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب وامیرجماعت اسلامی پنجاب

بدھ 25 اپریل 2018 19:36

دہشتگردوں کے مکمل قلع قمع ہونے تک ملک میں امن وامان کی صورتحال بہترنہیں ..
ٓلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کوئٹہ میں بم دھماکے میں سیکیورٹی فورسزکی6افراد کی شہادت پر اپنے شدیدردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ہماری بہادر فورسز نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔دہشتگردوں کے مکمل قلع قمع ہونے تک ملک میں امن وامان کی صورتحال کو بہترنہیں بنایاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ دودہائیوں میں ملک وقوم نے دہشت گردی کی وارداتوں سے ناقابل تلافی نقصان اٹھایا ہے۔حکومت پاکستان کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق60ہزارسے زائد بے گناہ افراد جاں بحق اور ملکی معیشت کو 120ارب ڈالر کابڑادھچکا لگ چکاہے جبکہ اس کے مقابلے میں امریکہ کی جانب سے ملنے والی امداد اونٹ کے منہ زیرے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے عا قبت نااندیش فیصلوں کی بدولت امریکی نام نہاد جنگ کو قوم نے گلی محلوں میں لڑاہے اور عظیم قربانیاں دی ہیں۔دنیا کو ہماری قربانیوں کااعتراف کرناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ بھارت،امریکہ اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔دشمن قوتیں ہمیں اندر سے کمزور کرناچاہتی ہیں۔

ان کی تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ملک وقوم اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کوناکام بنانے کاکئی بار بیان دے چکے ہیں ۔سی پیک منصوبے کوناکام بنانے اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ کھیلوں کے میدانوں سے لے کر سفارتی محاذوں تک ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی ہندوستان کے مخفی بھیانک عزائم بے نقاب ہوچکے ہیں،عالمی برادری نوٹس لے۔