حکومت ملک میں معیاری تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،وفاقی وزیر انجینئر محمد بلیغ الرحمن

این سی ایچ ڈی دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر محکوم طبقہ کو ان کی دہلیز پر تعلیم دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، رزینہ عالم خان

بدھ 25 اپریل 2018 19:39

حکومت ملک میں معیاری تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافہ پر خصوصی توجہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں معیاری تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بدھ کو اکیڈمی آف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ میں پاکستان میں سکولوں سے باہر 10 لاکھ بچوں کو تعلیم دلانے کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سکولوں سے باہر بچے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی وجہ سے ملک میں سکولوں میں داخلہ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور تعلیم مکمل کئے بغیر سکول چھوڑنے والے بچوں کی شرح میں کمی آئی۔ بلیغ الرحمن نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ امریکہ کی مہاجرین کمیٹی (اے آر سی) نے قطر کے ادارہ Education Abov All Foundation کے اشتراک سے ’’ایک بچے کو تعلیم دو‘‘ کے تحت پاکستان میں سکولوں سے باہر 10 لاکھ بچوں کو داخل کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر رسمی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کی جانب سے خصوصی توجہ دینا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کیلئے اساتذہ کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کی چیئرپرسن رزینہ عالم خان نے کہا کہ این سی ایچ ڈی دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر محکوم طبقہ کو ان کی دہلیز پر تعلیم دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 سے 16 سال عمر کے سکولوں سے باہر بچوں میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر تعلیم کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے بتایا کہ این سی ایچ ڈی اس سلسلہ میں جائیکا، اے کیو اے ایل، یونیسف، یونیسکو، ہاشو فائونڈیشن، ادارہ تعلیم و آگاہی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور پاکستان ہیومن ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں قطر کے سفیر سقر بن مبارک المنصوری، وفاقی سیکرٹری تعلیم اکبر حسین درانی، جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر محمد رفیق طاہر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :