پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل نیٹ ورک فار کوالٹی ایشورنس ایجنسی برائے اعلیٰ تعلیم کے بورڈ کا رکن بن گیا

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بریگیڈیئر (ر) انجینئر سلیم احمد خان ایجنسی کے بورڈ کے ڈائریکٹرمنتخب

بدھ 25 اپریل 2018 19:46

پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل نیٹ ورک فار کوالٹی ایشورنس ایجنسی برائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) پاکستان پہلی بار انٹرنیشنل نیٹ ورک فار کوالٹی ایشورنس ایجنسی برائے اعلیٰ تعلیم کے بورڈ کا رکن بن گیا ہے۔ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی گذشتہ 6 برسوں سے ایجنسی کی ممبر ہے۔ ایجنسی کے دنیا بھر میں 181 فل ممبر اور 110 ایسوسی ایٹ ممبرز ہیں۔ ایجنسی کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ذریعے چلایا جاتا ہے جن کا انتخاب ہر تین سال بعد عالمی ووٹنگ کے ذریعے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) انجینئر سلیم احمد خان کو عالمی ووٹنگ کے ذریعے ایجنسی کے بورڈ کا ڈائریکٹرمنتخب کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے 17 ممالک کے اُمیدواروں میں ووٹنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔منتخب شدہ بورڈ ممبرز آرمینیا، تائیوان، پاکستان، آسٹریلیا، پیرو، امریکہ اور میکسیکو سے تعلق رکھتے ہیں۔ پاکستان نے پہلی بار INQAAHE بورڈ میں نمائندگی حاصل کی ہے۔ اس انتخاب کے نتیجہ میں پاکستان عالمی کوالٹی آف ہائر ایجوکیشن کو مزید فعال بنانے میں اہم کردار ادار کر سکے گا۔