وزیر اعظم فاروق حیدر خان میرپور بارے نفرت و تعصب کو ختم کریں‘حالیہ برطانیہ دورہ کے دوران انہوں نے کہا میرپور میں ائر پورٹ کی کوئی ضرورت نہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں

سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف کی بات چیت

بدھ 25 اپریل 2018 19:59

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) سابق معاون خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری محمد اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان میرپور بارے نفرت و تعصب کو ختم کریں۔حالیہ برطانیہ دورہ کے دوران انہوں نے کہا میرپور میں ائر پورٹ کی کوئی ضرورت نہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔میرپور ائر پورٹ وقت کی ضرورت ہے ۔

اسلام آباد ائر پورٹ میرپور ڈویژن کے لوگوں نے آباد کر رکھا ہے سب سے زیادہ میرپور کے لوگ بیرون ممالک سے اسلام آباد ائر پورٹ پر آتے ہیں۔اہلیان میرپور قربانی دینا جانتے ہیں تو اپنا حق بھی لینا جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری محمد اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان میرپور دشمنی پر اتر آئے ہیں برادری اور علاقائی ازم کی وجہ سے موجودہ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اہل میرپور نے ہمیشہ قربانی دی ہے مظفر آباد میں جب زلزلہ آیا تھا تو امداد کے لیے سب سے پہلے میرپور کے لوگ پہنچے تھے۔ برطانیہ میں وزیر اعظم کا استقبال بھی میرپور کے لوگوں نے کیا ۔ ائر پورٹ اہل میرپور کا حق ہے اس حق سے ہمیں کوئی بھی دستبردار نہیں کر سکتا ۔ اسلام آباد ائر پورٹ سے آنے والے تارکین وطن راستے میں کئی مرتبہ گن پوائنٹ پر لوٹنے ہوئے ہیں جس کا ابھی تک کوئی تدارک نہیں کیا گیا۔اگر میرپور ائر پورٹ بن جائے تو لوگوں کے وقت کے ساتھ ساتھ جان و مال بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔انہوںں نے کہا وزیر اعظم میرپور کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کریں اہل میرپور اپنا حق مانگتے ہیں وہ ان کو ملنا چاہیے۔