شام میں بربریت پر اسد حکومت کا محاسبہ کیا جائے، جرمنی کا مطالبہ

بشار پالیسی بربریت پر مبنی اور غیر انسانی قرار،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو سزا کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا، جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس

بدھ 25 اپریل 2018 20:18

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہشامی عوام کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر بشار الاسد کی حکومت کا محاسبہ کیا جائے، بشار حکومت کی پالیسی کو بربریت پر مبنی اور غیر انسانی قرار دے دیا، انسانی حقوق کے بنیادی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو سزا کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شامی عوام کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر بشار الاسد کی حکومت کا محاسبہ کیا جائے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے بشار حکومت کی پالیسی کو بربریت پر مبنی اور غیر انسانی قرار دیا۔

(جاری ہے)

ماس کے مطابق یہ برتاؤ عالمی برادری کی بنیادی اقدار کی دھجیاں اڑا دینے کے مترادف ہے۔

جرمن وزیر خارجہ نے شامی حکومت کے جرائم سے چشم پوشی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے بنیادی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو سزا کے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ شام میں عسکری مقابلے کے بجائے بات چیت کی کوشش کی جانی چاہیے۔یاد رہے کہ امریکا، فرانس اور برطانیہ نے شام میں عسکری تنصیبات کے خلاف میزائل حملہ کیا تھا۔ یہ کارروائی شامی حکومت کی جانب سے مشرقہ غوطہ کے شہر دوما میں حملے کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے جواب میں سامنے آئی۔