میاں محمد نواز شریف قوم کے حقیقی مسیحا ہیں ،کھوکھلے نعرے لگانے اور تبدیلی کے نام نہاد دعوے کرنیوالوں کو عوام جنرل الیکشن میں مسترد کردیں گے

،مسلم لیگ ن کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی جتنی مرضی سازشیں کرلی جائیں مخالفین کبھی چور دروازے سے اقتدار حاصل نہیں کرپائیں گے، وزیرمملکت برائے توانائی عابد شیرعلی کا کارنر میٹنگ سے خطاب

بدھ 25 اپریل 2018 20:26

میاں محمد نواز شریف قوم کے حقیقی مسیحا ہیں ،کھوکھلے نعرے لگانے اور ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2018ء) میاں محمد نواز شریف قوم کے حقیقی مسیحا ہیں ‘ کھوکھلے نعرے لگانے اور تبدیلی کے نام نہاد دعوے کرنیوالوں کو عوام جنرل الیکشن میں مسترد کردیں گے ۔مسلم لیگ ن کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی جتنی مرضی سازشیں کرلی جائیں مخالفین کبھی چور دروازے سے اقتدار حاصل نہیں کرپائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیرعلی ‘ میاں طاہر جمیل ایم پی اے نے چیئرمین سٹی کونسل 96میاں ذوالقرنین حیدری کی رہائش گاہ پر منعقدہ انتخابی میٹنگ کے شرکاء سے کیا‘ اس موقع پر جنرل کونسلرز میاں صفدر حیات‘ ندیم سکی‘ رشید احمد شیدو‘ میاں محمد اسلم‘ منظور احمد ناز‘ ملک یاسین‘ لیبر کونسلر اسجد کمبوہ‘ یوتھ کونسلر ملک محمد عمر‘ اقلیتی کونسلر نعیم بھٹی‘ سیکرٹری منور حسین کے علاوہ اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت برائے انرجی چوہدری عابد شیرعلی ‘ میاں طاہر جمیل ایم پی اے نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں دھرنے،لاک ڈائون اور جھوٹ کی سیاست کرنیوالے عوام سے منہ چھپاتے پھریںگے ۔ مسلم لیگ ن نے گزشتہ 5 برسوں میں ملک و قوم کی خدمت کے وہ نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جن کا کوئی دوسری حکومت مقابلہ نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی رہی۔

عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں کامیابی حاصل کر کیا ایک دفعہ پھر عوام کی خدمت میں کمر بستہ ہو گی‘ انہوں نے کارکنوں سے کہا ہے اب گھر بیٹھنے کا وقت نہیں‘ باہر نکلیں اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہونے والی سازشوں اور زیادتیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں‘ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ گبھرانے کی ضرورت نہیں انشاء اللہ آئندہ بھی ہم ہی حکومت بنائیں گے‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سٹی کونسل 96میاں ذوالقرنین حیدری نے کہا کہ ہم چوہدری شیر علی‘ چوہدری عابد شیرعلی اور میاں طاہر جمیل کی سربراہی میں متحد ہیں ‘ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018کے عام انتخابات میں ملک گیر کا میابی حا صل کرے گی ۔

نیا پاکستان بنانے کی رٹ لگانے والوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ وہاں کے عوام آئندہ انتخابات میں ان سے ووٹ کے ذریعے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملکی و غیر ملکی سروے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین جماعت اور میاں نواز شریف عوام کے محبوب قائد ہیں۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن پہلے سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرے گی۔